چین: ٹوائلٹ میں سگریٹ نوشی روکنے کیلئے انوکھا اقدام

نئی بحث چھڑ گئی
بیجنگ: چین میں عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی روکنے کے لیے ایک انوکھا اور متنازع اقدام سامنے آیا ہے، جہاں ایک شاپنگ سینٹر میں واش روم کے ایسے دروازے نصب کیے گئے ہیں جو سگریٹ کے دھوئیں کے ساتھ ہی شفاف ہو جاتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کے شہر شینژن میں واقع شوئبی انٹرنیشنل سینٹر کے مردوں کے واش رومز میں خصوصی سینسر سے لیس شیشے کے دروازے لگائے گئے ہیں۔
یہ دروازے عام حالات میں دھندلے رہتے ہیں، تاہم جیسے ہی اندر سگریٹ کا دھواں پھیلتا ہے، دروازہ خودکار طور پر شفاف ہو جاتا ہے اور اندر موجود شخص واضح طور پر نظر آنے لگتا ہے۔
شاپنگ سینٹر کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ٹوائلٹس میں بار بار ہونے والی سگریٹ نوشی کی شکایات کے بعد کیا گیا، کیونکہ انتباہی نوٹس اور جرمانے مؤثر ثابت نہیں ہو رہے تھے۔ انتظامیہ نے دروازوں پر وارننگ بھی آویزاں کر رکھی ہے جس میں لکھا ہے کہ اگر کوئی شخص اندر سگریٹ نوشی کرے گا تو دروازہ شفاف ہو جائے گا۔
دوسری جانب اس اقدام پر سوشل میڈیا پر بحث بھی چھڑ گئی ہے۔ بعض صارفین نے اسے پرائیویسی کی خلاف ورزی قرار دیا ہے اور خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر سینسر غلطی سے فعال ہو جائے تو یہ شہریوں کی ذاتی آزادی پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق دروازوں میں نصب سینسر صرف سگریٹ کے دھوئیں کو شناخت کرنے کے لیے بنائے گئے ہیں تاکہ غلطی کے امکانات کم سے کم ہوں۔ یہ منفرد طریقہ چین میں عوامی مقامات پر تمباکو نوشی کے خلاف اقدامات کی ایک نئی مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
