بھارت: چلتی ٹرین سے گرنے والی خاتون کو اہلکار نے بچالیا، ویڈیو سامنے آگئی

سوشل میڈیا پر ریلوے اہلکار کی بہادری کی تعریفیں
بھارتی ریاست تمل ناڈو کے شہر تَمبارم ریلوے اسٹیشن پر ایک بڑا حادثہ اس وقت ٹل گیا جب ریلوے کے ایک اہلکار نے حاضر دماغی دکھاتے ہوئے خاتون مسافر کو بچا لیا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے اور لوگ ریلوے اہلکار کی بہادری کو سراہ رہے ہیں۔ حکام کے مطابق خاتون ایک چلتی ہوئی لوکل ٹرین میں سوار ہونے کی کوشش کر رہی تھیں کہ اچانک توازن بگڑ گیا۔ اسی لمحے ڈیوٹی پر موجود ٹکٹ چیکنگ اسٹاف نتیش کمار نے فوری ردعمل دیا اور خاتون کو بازو سے پکڑ کر محفوظ جگہ پر کھینچ لیا، یوں ایک بڑے سانحے سے بچاؤ ممکن ہوا۔
ریلوے انتظامیہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس واقعے کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے نتیش کمار کی مستعدی اور فرض شناسی کو خراجِ تحسین پیش
کیا اور اسے مسافروں کی سلامتی کے لیے غیر معمولی لگن کی مثال قرار دیا۔
ویڈیو سامنے آتے ہی صارفین نے اسے ’’ہیرو جیسا اقدام‘‘ اور’’سانس روک دینے والا لمحہ‘‘ کہا۔
کچھ لوگوں نے اس موقع پر ریلوے نظام میں بہتری کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ایک تبصرے میں کہا گیا کہ مضافاتی ٹرینوں میں خودکار دروازے بند ہونے
کا نظام ہونا چاہیے تاکہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔
ایک اور صارف نے پلیٹ فارم اور ٹرین کے فرش کے درمیان خطرناک خلا کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ اصل حل آخری لمحے کی بہادری نہیں بلکہ بنیادی ڈیزائن میں اصلاحات ہیں۔
