شوہر نے بیوی کو قتل کرکے لاش کیساتھ سیلفی بنا کر وائرل کردی

واٹس ایپ اسٹیٹس نے بھارت کو ہلاکر رکھ دیا
بھارت کی ریاست تمل ناڈو کے شہر کوئمبتور میں ایک ایسا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جس نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا۔ 32 سالہ ایس بالا مورگن نے اپنی بیوی بی سری پریا کو ایک خواتین ہاسٹل میں بے رحمی سے قتل کر دیا اور پھر جو کیا، وہ ناقابلِ یقین تھا۔
بالا مورگن نے قتل کے بعد فرار ہونے کی کوشش نہیں کی بلکہ لاش کے ساتھ سیلفی لے کر اسے اپنا واٹس ایپ اسٹیٹس بنا دیا۔
بالا مورگن اور سری پریا کا تعلق تروونیلوی ضلع سے ہے۔ دونوں کے تین بچے ہیں، دو بیٹے اور ایک بیٹی۔
سری پریا کوئمبتور میں ایک نجی ادارے میں کام کرتی تھیں اور راجو نائیڈو لے آؤٹ کے ایک خواتین ہاسٹل میں رہائش پذیر تھیں۔
پولیس کے مطابق، سری پریا اپنے شوہر سے علیحدہ رہ رہی تھیں اور بالا مورگن کو بیوی کے ایک قریبی رشتہ دار سے تعلقات کا شک تھا۔
پولیس کے مطابق 30نومبر کو اتوار کی صبح بالا مورگن ہاسٹل پہنچا اور بیوی سے کہا کہ وہ اس کے ساتھ واپس تروونیلوی چلے۔ سری پریا نے انکار کیا، جس پر دونوں کے درمیان شدید جھگڑا ہوا۔ اسی دوران بالا مورگن نے اپنے ساتھ لایا ہوا چاقو نما ہتھیار (مچیٹی) نکالا اور بیوی پر کئی وار کیے، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔
حیرت انگیز طور پر قتل کے بعد بالا مورگن نے فرار ہونے کی کوشش نہیں کی بلکہ فخریہ انداز میں اپنی بیوی کی لاش کے پاس کرسی پر بیٹھ گیا اور پھر اس طرح لاش کے ساتھ سیلفی لی جیسے کوئی بڑا کارنامہ انجام دیا ہو، صرف یہی نہیں ملزم نے اس سیلفی کو اپنا واٹس ایپ اسٹیٹس پر شیئر کردیا۔
اطلاع ملنے پر راتھینا پوری پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور بالا مورگن کو گرفتار کرکے قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔ سری پریا کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے کوئمبتور میڈیکل کالج اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے۔ لوگ اس بے رحمی اور واٹس ایپ پر سیلفی لگانے جیسے غیر انسانی عمل پر شدید غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔
