نیشنل
حیدرآباد میں پتنگ کی ڈور نے نوجوان کی جان لے لی
EditorStaff Reporter
Nov 26, 2025 · 10:08 AM

اس طرح کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے
سٹی تھانے کی حدود میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں پتنگ بازی کے دوران خونی ڈور نے ایک نوجوان کی زندگی کا چراغ بجھا دیا۔ ایڈوانی گلی میں 18 سے 20 سالہ فائز نامی نوجوان پتنگ اُڑاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگیا۔
عینی شاہدین کے مطابق فائز اپنے گھر کی چھت پر پتنگ بازی میں مصروف تھا جب اچانک پتنگ کی ڈور اس کے گلے میں بُری طرح الجھ گئی۔ گھبراہٹ میں توازن قائم نہ رہ سکا اور وہ چھت سے نیچے گرتا ہوا سیدھا قریب سے گزرنے والی 11 ہزار وولٹ کی بجلی کی لائن پر جاگرا، جہاں اسے موقع پر ہی شدید کرنٹ لگا اور وہ جان کی بازی ہار گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ اہلکاروں نے نوجوان کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے واقعے کو حادثہ قرار دیا جا رہا ہے۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی کے دوران جان لیوا ڈور استعمال کیے جانے کے باعث اس طرح کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ خطرناک دھاتی اور کیمیکل سے تیار ڈور کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مزید قیمتی جانیں ضائع ہونے سے بچ سکیں۔
فائز کی اچانک موت سے علاقے میں سوگ کی فضا ہے۔ والدین اور اہلخانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے جبکہ یہ افسوسناک واقعہ ایک بار پھر اس مسئلے کو اجاگر کرتا ہے کہ پتنگ بازی کے شوق میں استعمال ہونے والی مہلک ڈور کتنی جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے۔
ریمارک نیوز کی اپ ڈیٹس واٹس ایپ پر حاصل کریںچینل فالو کرنے کے لیے کلک کریں
ADVERTISEMENT
