اسٹور کے سامنے مین ہول کا ڈھکن کھلا ہو یہ میرے لیے ماننا تھوڑا مشکل ہے: میئر کراچی

امدادی کاموں کے لیے مشینری نہ دینے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں
کراچی میں میئر مرتضیٰ وہاب نے نیپا چورنگی کے قریب پیش آئے واقعے پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ امدادی کاموں کے لیے مشینری نہ دینے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، ایم ڈی واٹر کارپوریشن کو بھی تحقیقات کرنے کا حکم دے دیا ہے، عملے کی کوتاہی ثابت ہوئی توان کے خلاف کارروائی ہوگی، اس معاملے کی مکمل انکوائری ہوگی اور ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔
میئر کراچی نے کہا کہ اسٹور کے سامنے مین ہول کا ڈھکن کھلا ہو یہ میرے لیے ماننا تھوڑا مشکل ہے، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج نکلوا رہا ہوں تاکہ اصل حقیقت سامنے آئے، فوٹیج میں پتا چلے گا کہ گٹر کا ڈھکن کب سے غائب تھا، المیہ ہے منشیات فروش ڈھکن لے جاتے ہیں اور دھڑلے سے لے جاتے ہیں، فوٹیج میں پتا چل جائے گا کہ کون واقعے کا ذمہ دار ہے۔
یادر ہے کہ گزشتہ رات نیپا چورنگی پر دل خراش واقعہ پیش آیا جب گلشن اقبال نیپا پل کے قریب ایک 3 سالہ ننھا بچہ ابراہیم ڈپارٹمنٹ اسٹور سے باہر نکلتے ہی والد کی موٹر سائیکل کی طرف بھاگا اور کھلے مین ہول میں گر گیا، جس کی لاش 15 گھنٹے بعد آج نکالی گئی۔
