چنگچی اور پھٹہ رکشوں کے خلاف کارروائی سے جنوبی پنجاب کے عوام پریشان ہیں،ممتاز چانگ

ممتاز چانگ کی مذمت
پیپلز پارٹی کے رہنما ممتاز چانگ نے جنوبی پنجاب میں چنگچی اور پھٹہ رکشہ مالکان کے خلاف کارروائیوں پر شدید ردعمل دیا ہے۔ اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے لاکھوں افراد بے روزگار ہو چکے ہیں اور مزید لوگ روزگار سے محروم ہو جائیں گے۔
ممتاز چانگ نے کہا کہ عوام کی جمع پونجی انہی رکشوں میں لگی تھی، لیکن حکومت نے بغیر متبادل روزگار فراہم کیے ان کا ذریعہ معاش چھین لیا۔ ان کے مطابق، پہلے روزگار کا بندوبست ہونا چاہیے تھا، اس کے بعد ایسے فیصلے مسلط کیے جاتے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ٹریفک چالان پولیس کی کمائی کا ذریعہ بن چکا ہے اور اس پر حکومت کو ووٹ بینک بنانے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔ چانگ نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ موجود نہیں، عوام کی سواری صرف چنگچی اور پھٹہ رکشہ ہے، جن کے نہ چلنے سے بچے اسکول نہیں جا پا رہے اور کاروبار متاثر ہو رہا ہے۔
ممتاز چانگ نے مزید کہا کہ اگر حکومت کو ایسے فیصلے کرنے تھے تو پہلے امن و امان قائم کرتی، جو ابھی تک نہیں ہو سکا۔ انہوں نے مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو گندم اور گنے کا بہتر ریٹ نہیں دیا جا رہا جبکہ شوگر اور فلور ملز مافیا کے خلاف حکومت خاموش ہے، جو آٹا اور گندم اسمگل کر رہے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ عوام کو احتجاج پر مجبور نہ کیا جائے کیونکہ ایسے فیصلوں سے نفرتیں جنم لیں گی۔ تاہم، ممتاز چانگ نے یہ بھی کہا کہ جب حکومت اچھا کام کرتی ہے تو وہ اسمبلی فلور پر اس کی تعریف کرتے ہیں۔
