اقتدار کی منتقلی تک وینزویلا کے معاملات امریکا چلائے گا: ٹرمپ کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر وینزویلا کے صدر کی گرفتاری سے منسوب ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ وینزویلا میں ہونے والی فوجی کارروائی ان کے براہِ راست احکامات پر کی گئی۔
ٹرمپ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکی فوج نے رات گئے اور صبح کے اوقات میں وینزویلا کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ملک کی فوجی صلاحیت کو ناکارہ بنا دیا گیا۔ ان کے مطابق اس کارروائی کے باعث دارالحکومت کراکس کے بڑے حصے میں بجلی منقطع ہو گئی۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اس آپریشن کے دوران وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
انہوں نے اسے دوسری جنگِ عظیم کے بعد دنیا میں ہونے والی ایک غیر معمولی کارروائی قرار دیا اور کہا کہ امریکا کے پاس جدید ترین اسلحہ موجود ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید حملے کے لیے بھی تیار ہے۔
ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ وینزویلا کے معاملات اس وقت تک امریکا کی نگرانی میں رہیں گے جب تک اقتدار کی منتقلی مکمل نہیں ہو جاتی۔
