ایئر مارشل نور خان کی بیٹی ڈاکٹر فائقہ قریشی امریکا میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق

امریکا میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں پاکستان کے سابق ایئر مارشل نور خان کی صاحبزادی اور معروف طبی ماہر پروفیسر ڈاکٹر فائقہ قریشی انتقال کر گئیں۔
خاندانی ذرائع اور سوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر فائقہ قریشی کی گاڑی کو اچانک حادثہ پیش آیا، تاہم امریکی حکام نے ابھی تک اس واقعے کی تفصیلات جاری نہیں کیں۔
ڈاکٹر فائقہ قریشی پیڈیاٹرک ایمرجنسی میڈیسن کی ممتاز پروفیسر تھیں۔ اپنے شعبے میں وہ نہ صرف پیشہ ورانہ مہارت بلکہ ہمدردی اور تدریسی خدمات کے باعث بھی بے حد احترام کی نگاہ سے دیکھی جاتی تھیں۔
امریکا کے چلڈرنز ہاسپٹل آف دی کنگز ڈاٹرز نے انہیں یاد کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر فائقہ ایک مخلص اور قابلِ اعتماد پیڈیاٹرک فزیشن تھیں۔
ڈاکٹر فائقہ کے والد، ایئر مارشل (ر) نور خان، پاکستان کے نامور رہنما رہے ہیں جنہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے ساتھ ساتھ سول ایوی ایشن، کھیلوں اور دیگر اہم شعبوں میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔
