خبردار! فضائی آلودگی پھیپھڑوں کیساتھ دل کیلئے بھی خطرناک، نئی تحقیق میں انکشاف

خواتین میں خطرہ زیادہ
شکاگو: نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ فضائی آلودگی صرف پھیپھڑوں کے لیے خطرناک نہیں بلکہ دل کی شریانوں میں بھی رکاوٹ اور پلاک جمع ہونے کا سبب بن سکتی ہے۔ تحقیق کے مطابق خواتین پر اس کا اثر مردوں کے مقابلے میں زیادہ شدید ہوتا ہے۔
یہ تحقیق ریڈیولوجیکل سوسائٹی آف نارتھ امریکہ RSNAکی سالانہ میٹنگ میں پیش کی گئی۔ تحقیق میں 11 ہزار سے زائد افراد کے کارڈیک سی ٹی اسکین اور ان کے رہائشی علاقوں کی فضائی آلودگی کا تجزیہ کیا گیا۔
تحقیق میں تین اہم چیزوں کا جائزہ لیا گیا: شریانوں میں کیلشیم کا جمع ہونا، پلاک کا بوجھ اور شریانوں کی رکاوٹ۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ باریک ذرات PM2.5 میں معمولی اضافہ بھی کیلشیم میں 11 فیصد، پلاک میں 13 فیصد اور شریان کی رکاوٹ میں 23 فیصد اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔
نائٹروجن ڈائی آکسائیڈ NO2کی نمائش بھی شریانوں کے مسائل سے جڑی ہوئی پائی گئی، لیکن اثر تھوڑا کم تھا۔
محققین کے مطابق خواتین میں باریک ذرات کی وجہ سے شریانیں زیادہ تنگ ہو سکتی ہیں، جبکہ مردوں میں پلاک زیادہ جمع ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فضائی آلودگی کے اثرات اکثر بغیر کسی علامات کے ظاہر ہوتے ہیں، اس لیے صاف ہوا کے اقدامات دل کی صحت کے لیے بہت ضروری ہیں۔
