سندھ اسمبلی میں لازوال عشق پروگرام پر پابندی کا مطالبہ مسترد

وزیر داخلہ کو اداکارہ عائشہ عمر اچھی لگتی ہیں، ایوان میں قہقہے
کراچی: ایم کیو ایم کی رکن سندھ اسمبلی نے سوشل میڈیا کے مشہور پروگرام لازوال عشق پر بے راہ روی پھیلانے کا الزام لگا دیا، جبکہ وزیر داخلہ اداکارہ عائشہ عمر کے مداح نکلے۔
لازوال عشق بے راہ ری پھیلا رہا ہے!
ایم کیو ایم کی رکن قرت العین نے تحریک التوا پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایوان حکومت سندھ سے مطالبہ کرتا ہے کہ ایسے قوانین بنائے جائیں جوکہ معاشرے میں بے راہ روی سے روکیں۔ لازوال عشق جیسے پروگرام سوشل میڈیا پر نشر کیے جا رہے ہیں اور پیمرا بھی مداخلت نہیں کر سکتا۔ اس ضمن میں قانونسازی کی جائے۔
وزیر داخلہ کے جملے پر قہقہے
وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ ممبر صاحبہ کیا کہہ رہی ہیں؟ جس پر ایوان میں قہقہے لگ گئے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ میں ٹی وی دیکھتا نہیں ہوں، یہ ڈاکیومینٹری ہے یا کچھ اور؟
ایم پی اے قرت العین نے بتایا یہ ایک سوشل میڈیا کا پروگرام ہے، جس میں ترکش پروگرام کو کاپی کیا گیا ہے۔ ازدواجی زندگی سے متعلق اس پروگرام میں انتہا درجے کی بے رواہ روی دکھائی جا رہی ہے۔ پیمرا کیجانب سے کسی بھی قسم کا نوٹیس جاری نہیں کیا جاسکتا، کیوں کہ یہ یوٹیوب پر نشر ہوتا ہے۔
عائشہ عمر تو اچھی اداکارہ ہیں
انہوں نے کہا کہ پاکستانی اداکارہ عائشہ عمر اس پروگرام کی میزبان ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا عائشہ عمر تو اچھی اداکارہ ہیں، اپوزیشن والے کہہ رہے ہیں آپ یہ معاملہ نہ اٹھائیں۔ اس بیان سے ایوان ممبران کے قہقہوں سے گونج اٹھا۔
وزیر داخلہ نے کہا ہم تحریک التوا کی مخالفت کرتے ہیں۔ یہ معاملہ رولز آف پروسیجر 88 بی کے زمرے میں نہیں آتا، بعد ازاں ایم کیو ایم کی رکن اسمبلی کی تحریک التوا کو رد کردیا گیا۔
