پنجاب میں ڈرائیونگ کی عمر 16 سال کردی گئی

ای چالان سسٹم سخت
پنجاب میں ڈرائیونگ کی عمر 16 سال کردی گئی اور مستقبل میں الیکٹرانک چالان سسٹم مزید سخت بنانے کا بھی اعلان کردیا گیا۔
سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی اور حادثات کو کم کرنے کے لیے عوام کو اپنی ذمہ داری خود لینا ہوگی۔
مریم اورنگزیب نے خبردار کیا کہ نابالغ بچوں کو گاڑی چلانے کی اجازت دینا خطرناک ہے اور والدین اس میں قانون کی سخت کارروائی سے بچ نہیں سکیں گے۔
سینئر وزیر نے کہا کہ پنجاب میں منشیات کے خلاف بھی تاریخ کا سخت ترین آپریشن جاری ہے اور یہ صرف حکومتی کارروائی نہیں بلکہ ایک سماجی مشن ہے۔ اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں اسپیشل چیکس بڑھا دیے گئے ہیں اور ڈرگز مافیا کے خلاف کارروائی آخری حد تک کی جائے گی، کوئی رعایت نہیں ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈرگ نیٹ ورکس کی مکمل میپنگ کی جا چکی ہے اور صوبے بھر میں ڈرونز کے ذریعے خفیہ سپلائی پوائنٹس کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ کئی فعال گروہ پہلے ہی بے نقاب ہو چکے ہیں اور 111 لانگ رینج نیٹ ورکس کی گرفتاری حکومت کے مضبوط عزم کا ثبوت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ روزانہ کی بنیاد پر نوجوانوں کو نشے سے محفوظ رکھنے کے لیے بریفنگ لیتی ہیں۔
