فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ڈراز کا اعلان، 48 ٹیمیوں کی شمولیت

ٹرمپ کی خصوصی شرکت
امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں آئندہ برس ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ڈراز کی تقریب امریکا میں منعقد کی گئی، جس میں عالمی فٹبال برادری کی اہم شخصیات کے ساتھ ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ٹورنامنٹ میں شامل 48 ٹیموں کو 12 گروپس میں تقسیم کیا گیا۔
فیفا کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق گروپ اے میں میزبان میکسیکو کے ساتھ جنوبی افریقہ، جنوبی کوریا اور پلے آف ڈی سے کوالیفائی کرنے والی ٹیم شامل کی گئی ہے۔
گروپ بی میں میزبان کینیڈا، قطر، سوئٹزرلینڈ اور یو ایفا پلے آف اے کی فاتح ٹیم (ویلز یا نادرن آئرلینڈ) کو رکھا گیا ہے۔
گروپ سی میں برازیل، مراکش، اسکاٹ لینڈ اور ہیٹی شامل ہیں، جبکہ گروپ ڈی میں میزبان امریکا کے ساتھ آسٹریلیا، پیراگوئے اور یو ایفا پلے آف سی کی ٹیم شامل ہو گی۔
ٹورنامنٹ کے دیگر گروپس میں بھی مضبوط ٹیموں کا دلچسپ امتزاج دیکھنے میں آیا ہے۔
گروپ ای میں جرمنی، ایکواڈور، آئیوری کوسٹ اور کوراکاؤ موجود ہیں، جبکہ گروپ ایف میں نیدرلینڈز، جاپان، تیونس اور یو ایفا کوالیفائر بی کی ٹیم شامل ہے۔
گروپ جی میں بیلجیم، ایران، مصر اور نیوزی لینڈ آمنے سامنے ہوں گے۔ گروپ ایچ میں اسپین، سعودی عرب، یوروگوئے اور کیپ وردے شامل ہیں۔
گروپ آئی میں فرانس، سینیگال، ناروے اور فیفا پلے آف 2 کی فاتح ٹیم شامل ہوگی، جبکہ گروپ جے میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کے ساتھ آسٹریا، الجیریا اور اردن کو رکھا گیا ہے۔
آخری دو گروپس میں گروپ کے میں پرتگال، ازبکستان، کولمبیا اور فیفا کوالیفائر ون شامل ہیں، جبکہ گروپ ایل میں انگلینڈ، کروشیا، پانامہ اور گھانا کی ٹیمیں شامل کی گئی ہیں۔
ڈراز کے اعلان کے بعد شائقین میں جوش و خروش مزید بڑھ گیا ہے۔ ورلڈ کپ 2026 نہ صرف تاریخ کا سب سے بڑا فٹبال ٹورنامنٹ ہوگا بلکہ پہلی بار تین ممالک مشترکہ طور پر اس کی میزبانی کریں گے، جس سے ایونٹ کی اہمیت اور دلچسپی میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔
