کراچی میں ریفائنری سے سرنگ بناکر تیل چوری کرنے کی کوشش

تیل چوری کی کوشش کیسے ناکام بنائی گئی؟
کراچی کے علاقے کورنگی صنعتی ایریا میں اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے نیشنل آئل ریفائنری کی لائن سے تیل چوری کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔
پولیس کے مطابق ایس آئی یو نے مہران ٹاؤن میں ایک خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا، جہاں ایک کپڑے کے گودام کے اندر زیرِ زمین سرنگ بنائی گئی تھی اور یہ سرنگ نیشنل آئل ریفائنری کی آئل لائن تک پہنچنے کے لیے کھودی جا رہی تھی۔
پولیس کی مطابق ملزمان نے گودام کے اندر تقریباً 15 سے 16 فٹ گہرا کنواں کھودا تھا، جس کے نچلے حصے سے لگ بھگ 140 میٹر طویل اور 4 فٹ چوڑی سرنگ تیار کی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق اس کارروائی کی اطلاع ایک خاص مخبر نے دی تھی، جس نے بتایا کہ گودام سے بڑی مقدار میں مٹی نکال کر ملیر ندی میں پھینکی جا رہی ہے، جس پر شک کی بنیاد پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور اس میں ملوث افراد کی تلاش کی جا رہی ہے۔
