ایران میں پرتشدد احتجاجات میں کتنی ہلاکتیں ہوئیں؟ نیتن یاہو نے ردعمل میں کیا کہا؟

ایران میں احتجاجات ساتویں دن بھی جاری ہیں، جس میں ملک کے کئی شہروں میں مظاہرین اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔ انسانی حقوق کے گروپوں کے مطابق، احتجاج کے دوران کم از کم 16 افراد ہلاک اور سیکڑوں گرفتار ہو چکے ہیں۔
احتجاجات بنیادی طور پر مہنگائی، کرنسی کی گرتی ہوئی قدر اور اقتصادی مشکلات کے خلاف ہیں، جو ملک بھر میں عوامی بے چینی کا سبب بن چکی ہیں۔ ایرانی حکومت نے بعض مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے اصلاحات کا وعدہ کیا ہے، مگر سخت رویہ اپنانے کا عندیہ بھی دیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے ایران میں مہنگائی کے خلاف جاری احتجاجی مظاہروں کے دوسرے ہفتے میں داخل ہونے پر ایک بار پھر تہران کو اشتعال دلانے والا بیان دیا ہے۔
نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل ایرانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی آزادی، انصاف اور بہتر مستقبل کی جدوجہد کی حمایت کرتا ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق نیتن یاہو نے ہفتہ وار کابینہ اجلاس کے دوران کہا کہ یہ ممکن ہے کہ ایرانی عوام اس وقت اپنی تقدیر اپنے ہاتھ میں لینے کے مرحلے پر ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل ایرانی عوام کی خواہشات کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے
