بنوں میں گاڑی پر حملہ، اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان سمیت 4 افراد شہید

شہدا میں کون کون شامل؟
بنوں کے علاقے میرا ن شاہ روڈ پر اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان شاہ ولی اللّٰہ کی گاڑی پر مسلح حملہ کرکے انہیں شہید کردیا۔
اسسٹنٹ کمشنر بنوں کے مطابق حملے میں مجموعی طور پر 4 افراد شہید ہوئے، جن میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ اس حملے میں مزید 2 پولیس اہلکار اور ایک ڈرائیور زخمی ہوئے۔
حملہ میرا ن شاہ روڈ، فلور ملز کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس موبائل پر فائرنگ کی۔ زخمی پولیس اہلکاروں سے حملہ آوروں نے اسلحہ بھی چھین لیا۔
ابتدائی طور پر پولیس نے بتایا تھا کہ حملے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 3 افراد جاں بحق اور 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں، تاہم بعد میں شہداء کی تعداد بڑھ کر 4 ہوگئی۔
حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر لیا اور ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے شروع کر دیے ہیں۔ پولیس کے مطابق، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور دہشت گرد عناصر کو جلد گرفتار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
