دنیا کا سب سے گندا شہر یورپ میں، کراچی کو کلین چٹ۔۔!!

دنیا کا صاف ترین شہر کونسا؟
پاکستانی شہروں، خاص طور پر کراچی کی صفائی پر اکثر تنقید سامنے آتی ہے، لیکن عالمی سطح پر دلچسپ صورتحال سامنے آئی ہے، دنیا کا سب سے گندا شہر ہنگری کا بڈاپسٹ قرار پایا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس بار کراچی ٹاپ ٹین میں شامل نہیں ہے۔
یہ درجہ بندی ریڈیکل اسٹوریج کمپنی کی جانب سے جاری کی گئی، جس میں یورو مانیٹر کے ٹاپ 100 شہروں کی رینکنگ کے ساتھ گوگل پر موجود صارفین کے ریویوز کا تجزیہ کیا گیا۔ تقریباً 70 ہزار حقیقی آن لائن ریویوز کا جائزہ لیا گیا، اور clean اور dirty جیسے الفاظ کے استعمال کی بنیاد پر اندازہ لگایا گیا کہ کون سے شہر صاف ہیں اور کون سے گندے۔
تجزیے کے مطابق، بڈاپسٹ کے 37.9 فیصد ریویوز میں صفائی کے انتظامات پر عدم اطمینان ظاہر کیا گیا، جبکہ دھول مٹی کے حوالے سے بھی شکایات سامنے آئیں۔
دوسرے نمبر پر روم (اٹلی) ، تیسرے نمبر پر لاس ویگاس (امریکا)، چوتھے پر فلورنس (اٹلی)، پانچویں پر پیرس (فرانس)، چھٹے پر میلان (اٹلی)، ساتویں پر ویرونا (اٹلی)، آٹھویں پر فرینکفرٹ (جرمنی)، نویں پر برسلز (بیلجیئم) اور دسویں پر قاہرہ (مصر) رہے۔
دوسری جانب دنیا کے صاف ترین شہروں میں پولینڈ کا کراکو سب سے آگے رہا، اس کے بعد شارجہ (متحدہ عرب امارات) دوسرے، سنگاپور تیسرے، وارسا (پولینڈ) چوتھے، دوحہ (قطر) پانچویں، ریاض (سعودی عرب) چھٹے، پراگ (چیک ریپبلک) ساتویں، مسقط (عمان) آٹھویں، دبئی نویں اور فوکوکا (جاپان) دسویں نمبر پر رہے۔
