بھارتی فلم دھرندھر کے خلاف کراچی کی عدالت میں درخواست

مقدمہ درج کیا جائے
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک کارکن نے بھارتی فلم دھردھندر کے خلاف مقدمہ اندراج کیلئے سیشن کورٹ جنوبی کی عدالت سے رجوع کرلیا۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ فلم میں بینظیر بھٹو کی تصاویر، پیپلز پارٹی کے جھنڈے اور ریلی کے مناظر بغیر اجازت استعمال کیے گئے، فلم میں پیپلز پارٹی کو دہشت گردوں کی حامی جماعت کے طور پر پیش کیا گیا، جو کہ جھوٹا اور توہین آمیز ہے۔
درخواست گزار کے مطابق فلم میں لیاری اور کراچی کو دہشت گردی کے گڑھ کے طور پر دکھانے پر بھی شدید اعتراضات ہیں، ایسا مواد پاکستان اور پیپلز پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
درخواست میں فلم کے ہدایتکار، پروڈیوسر اور اداکاروں سمیت متعدد افراد کو نامزد کیا گیا، جبکہ دفعہ 22-A اور 22-B کے تحت دائر درخواست میں توہین، عوامی اشتعال اور نفرت انگیزی سے متعلق دفعات کا حوالہ بھی دیا گیا۔
درخواست گزار نے کہا کہ ایس ایچ او درخشاں کو تحریری شکایت دی لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی، درخشاں پولیس کو ایف آئی آر کے اندراج اور ایس ایس پی ساؤتھ کو شفاف تحقیقات کی نگرانی کا حکم دیا جائے۔
