مردوں میں ’بانجھ پن‘ کا خطرہ بننے والی وجوہات جانیے

تنگ زیر جامے بھی ایک وجہ قرار
اکثر لوگ بانجھ پن کو خواتین سے جوڑتے ہیں، مگر حقیقت یہ ہے کہ 20 سے 30 فیصد بانجھ جوڑوں میں مسئلہ مردوں کی جانب سے ہوتا ہے۔
اسپرم کاؤنٹ میں تشویشناک کمی
نومبر 2022 میں شائع ہونے والی ایک عالمی تحقیق نے انکشاف کیا کہ دنیا بھر میں مردوں کے اسپرم کاؤنٹ میں سالانہ اوسطاً 2.6 فیصد کمی آرہی ہے۔ 1973 سے 2000 کے درمیان یہ کمی سالانہ 1.2 فیصد تھی۔ 2000 سے 2018 کے دوران یہ شرح بڑھ کر 2.6 فیصد تک جا پہنچی۔
اگرچہ تحقیق میں وجوہات پر براہِ راست روشنی نہیں ڈالی گئی، مگر ماہرین کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی عوامل اور طرزِ زندگی کی تبدیلیاں اس رجحان سے جڑی ہو سکتی ہیں۔
مردوں میں بانجھ پن کی نمایاں وجوہات
موٹاپا
زیادہ جسمانی وزن ہارمونز کے توازن کو متاثر کرتا ہے، جس سے تولیدی نظام کمزور پڑ سکتا ہے۔
تمباکو نوشی، الکحل اور منشیات
نکوٹین جسم میں oxidative stress بڑھاتی ہے، جو اسپرم کو نقصان پہنچاتا ہے۔ الکحل کا طویل استعمال testosterone کی سطح کم کرتا ہے۔ منشیات بھی تولیدی صحت پر براہِ راست منفی اثر ڈالتی ہیں۔
ناقص غذا
جنک فوڈ یا غیر متوازن خوراک سے جسم میں وٹامن سی اور زنک کی کمی ہو جاتی ہے، جو اسپرم کی صحت کے لیے ضروری ہیں۔
ذہنی دباؤ
مسلسل ذہنی دباؤ مردوں میں بانجھ پن کے امکانات بڑھاتا ہے، اگرچہ اس کی درست وجہ ابھی پوری طرح واضح نہیں۔
وٹامن ڈی کی کمی
تحقیقی رپورٹس کے مطابق وٹامن ڈی کی کمی testosterone کی سطح کو کم کر دیتی ہے، جس سے تولیدی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔
ڈپریشن
2018 کی ایک امریکی تحقیق کے مطابق شدید ڈپریشن کے شکار مردوں کے ہاں اولاد کی پیدائش کا امکان 60 فیصد تک کم ہوتا ہے۔
تنگ زیرجامے
طبی ماہرین کے مطابق تنگ زیرجامے پہننے سے اسپرم کاؤنٹ پر منفی اثر پڑتا ہے، جو وقت کے ساتھ بانجھ پن کا باعث بن سکتا ہے۔
زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنا
2019 کی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ زیادہ دیر بیٹھنے والے مردوں کے اسپرم ڈی این اے کو نقصان پہنچنے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
نیند کی کمی
2016 کی تحقیق کے مطابق نیند کی کمی بھی مردوں میں بانجھ پن کے امکانات بڑھاتی ہے۔ اچھی نیند تولیدی صحت کے لیے لازمی ہے۔
عمر
عمر بڑھنے کے ساتھ مردوں کی تولیدی صلاحیت کم ہوتی جاتی ہے۔ 40 سال کے بعد باپ بننے کی صلاحیت نمایاں طور پر گھٹتی ہے۔ پیدائشی نقص کے بغیر بچوں کی پیدائش کا امکان تقریباً 11 فیصد کم ہو جاتا ہے۔
