ظہران ممدانی نے سرکاری رہائش گاہ منتقل ہونے کا اعلان کردیا

نیویارک: نومنتخب میئر ظہران ممدانی نے عہدہ سنبھالتے ہی تاریخی گریسی مینشن میں رہائش اختیار کرنے کا اعلان کردیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ظہران ممدانی نے کہا ہے کہ گریسی مینشن منتقل ہونے کا فیصلہ ان کی اور خاندان کی سیکیورٹی کے پیش نظر اور حکومتی ایجنڈے پر مکمل توجہ دینے کیلئے کیا گیا ہے۔
گریسی مینشن کب تعمیر ہوا؟
1799 میں تعمیر ہونے والا گریسی مینشن دوسری جنگِ عظیم کے بعد سے نیویارک کے میئرز کی سرکاری رہائش گاہ کے طور پر استعمال ہوتا آ رہا ہے۔ پیلے اور ہرے رنگ کے امتزاج، سفید ریلنگ اور اطراف میں موجود خوبصورت باغیچے اس عمارت کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مینشن میں 5 بیڈ رومز موجود ہیں جبکہ نئے میئر کی رہائش کے لیے سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔
ظہران ممدانی اس وقت کوئنز کے علاقے اسٹوریا میں 2250 ڈالر ماہانہ کرائے کے ایک اپارٹمنٹ میں رہتے ہیں۔ گریسی مینشن میں منتقلی کے بعد وہ سرکاری رہائش گاہ اختیار کر لیں گے۔
گریسی مینشن کے حوالے سے دلچسپ دعوے
سابق میئر بل ڈی بلاسیو کی اہلیہ نے دعویٰ کیا تھا کہ عمارت میں دروازے خود کھلتے اور بند ہوتے ہیں جبکہ فرش پر پراسرار آوازیں بھی سنائی دیتی ہیں۔ سابق میئر ایرک ایڈمز نے بھی 2022 میں گریسی مینشن میں مافوق الفطرت مخلوق کی موجودگی کا ذکر کیا تھا۔
