بھیک کیوں مانگتے ہو؟ دنیا کے مختلف ممالک سے ہزاروں پاکستانی ڈی پورٹ

اسلام آباد:دنیا کے مختلف ممالک میں بھیک مانگنے اور غیر قانونی سرگرمیوں کے باعث 50 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے اور یہ انکشاف ڈی جی ایف آئی اے نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانیز اور انسانی حقوق کے اجلاس میں کیا، جس کی صدارت چیئرمین کمیٹی آغا رفیع اللہ نے کی۔
ڈی جی ایف آئی اے کے مطابق رواں سال 51 ہزار پاکستانیوں کو مختلف ممالک سے آف لوڈ کیا گیا، جن میں سب سے زیادہ 24 ہزار افراد سعودی عرب نے بھیک مانگنے پر ڈی پورٹ کیے۔ اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات نے 6 ہزار جبکہ آذربائیجان سے ڈھائی ہزار پاکستانی بھکاریوں کو واپس بھیجا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ بعض افراد عمرے کے نام پر یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے، جنہیں ٹھوس شواہد کے ساتھ آف لوڈ کیا گیا۔ ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ ایسے افراد کے پاس عمرے کی آڑ میں یورپ کے سفری دستاویزات موجود تھے۔
