یاسمین راشد سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کو ایک اور کیس میں 10،10 سال قید کی سزا

لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے کلمہ چوک پر کنٹینر جلانے کے مقدمے میں ڈاکٹر یاسمین، عمر سرفراز چیمہ، محمود الرشید اور اعجاز چوہدری سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنمائوں کو 10،10 سال قید کی سزا سنا دی۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کوٹ لکھپت جیل میں فیصلہ سنایا، جس میں عمر سرفراز چیمہ، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید اور اعجاز چوہدری کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی گئی، جبکہ میاں اسلم اقبال سمیت مقدمے کے 12اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دےدیا۔
فیصلے میں بتایا گیا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں سمیت مقدمے کے 24 ملزمان کا ٹرائل مکمل ہونے پرعدالت نے فیصلہ سنایا اور ملزمان کے خلاف 37 گواہان کی شہادت ریکارڈ کرائی گئی اور تھانہ نصیر آباد نے 36 ملزمان کاچالان جمع کرایا گیا تھا۔
عدالت نے بتایا کہ شاہ محمود قریشی کا اس مقدمہ میں ابھی چالان جمع نہیں ہوا تاہم سپلیمنٹری چالان آنے پر شاہ محمود قریشی کا ٹرائل دوسرے مرحلے میں ہوگا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ مقدمات میں ملزمان پر بغاوت اور عوام کو فسادات پر اکسانے کا الزام ہے۔
دوسری طرف پی ٹی آئی رہنمائوں کے وکیل رانا مدثرعمر نے کہا کہ رہنماؤں کو مجموعی طور پر 200 سال کی سزا سنائی جاچکی ہے، آج مقدمات معمول کی کارروائی کے لیے مقرر تھے لیکن ہمیں ان مقدمات میں مکمل دفاع کا موقع نہیں دیا گیا، رات کے اندھیرے میں ایک بار پھر سزائیں سنائی گئیں۔
