دجال کا کام کرنے والی جماعت عوام اور افواج کے درمیان دراڑ پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔بلاول بھٹو

اپنےکردار کو ٹھیک کریں۔
لاہور کے علاقے باغبان پورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانا ان کا یا ان کی پارٹی کا مطالبہ نہیں،کسی سیاسی پارٹی پر پابندی کے حق میں بھی نہیں ہوں، سیاسی پارٹی کو خیبر پختونخوا میں اپنا رویہ بہتر کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں خلل ڈالا تومسائل بنیں گے، سیاسی جماعت دہشت گردوں کی سہولت کار بنی تو پھر گورنر راج لگانا مجبوری بن جائےگا،خیبر پختونخوا میں جنگی حالات پیدا ہوتے جا رہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ پاکستان کو افغانستان کی طرف سے جو خدشات ہیں وہ سچ ثابت ہو رہے ہیں، افغانستان سے دہشت گرد پاکستان آ کر دہشت گردی کرتے ہیں، یہ پاکستان کے لیے سنگین خطرہ ہے، ہماری افواج اس چیلنج کا مقابلہ کررہی ہیں، پاکستان کے اندرونی چیلنجز سے بھی نمٹا جارہا ہے ، افسوس ایسی سیاسی قوتیں بھی ہیں جو اس وقت ادارے پر حملہ کرتی ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی ایک سیاسی جماعت سیاسی دجال کا کام کر رہی ہے، اس کی کوشش ہے عوام اور افواج کے درمیان دراڑ پیدا کرے، ہم ان کو کہنا چاہتے ہیں کہ اپنےکردار کو ٹھیک کریں۔
ایک سوال پر بلاول کا کہنا تھا کہ مریم نواز اگر سندھ سے انتخاب لڑیں تو ہم ویلکم کریں گے، سندھ میں تمام سیاسی جماعتوں کو انتخاب میں حصہ لینا چاہیے۔
