یونیسکو نے سندھ کے قدیم ساز بورینڈو کو ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کرلیا

صدیوں پرانی ثقافتی اور موسیقی کی روایت۔
اقوامِ متحدہ کے ثقافتی ادارے یونیسکو کی بین الحکومتی کمیٹی برائے تحفظِ غیرمادی ثقافتی ورثہ نے سندھ کے قدیم لوک موسیقی کے ساز بورینڈو کو اپنی (فوری تحفظ درکار ثقافتی ورثے) کی عالمی فہرست میں شامل کرلیا ہے۔
کمیٹی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بورینڈو سندھ کی صدیوں پرانی ثقافتی اور موسیقی کی روایت کا اہم حصہ ہے۔
کمیٹی کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ سندھ کے قدیم ساز بورینڈو کو مٹی سے خاص انداز میں تیار کیا جاتا ہے اور یہ ایک منفرد اور مدھم مگر دلکش آوازپیدا کرتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بورینڈو کی تاریخ وادی سندھ کی تہذیب سے جڑی ہوئی ہے اور یہ ساز آج بھی مقامی فنکاروں اور ہنرمندوں کی شناخت سمجھا جاتا ہے۔۔
اس فیصلے سے سندھ کے لوک موسیقاروں، دستکاروں اور ثقافتی برادریوں کو بین الاقوامی سطح پر اپنی روایت کو اجاگر کرنے کا موقع ملے گا۔
