پاکستان اور افغانستان کے درمیان سعودی عرب میں مذاکرات بے نتیجہ ختم، جنگ بندی برقرار رہے گی

جنگ بندی برقرار رکھنے ہر اتفاق
پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے سعودی عرب میں ہونے والے تازہ ترین امن مذاکرات کسی بڑی کامیابی کے بغیر ختم ہوگئے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق دونوں ممالک نے جنگ بندی کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے، تاہم طویل مدتی معاہدے پر کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا۔
یہ مذاکرات قطر، ترکیے اور سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والے سلسلہ وار اجلاسوں کا حصہ تھے، جن کا مقصد اکتوبر میں سرحدی جھڑپوں کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کو کم کرنا تھا۔ ان جھڑپوں میں متعدد افراد ہلاک ہوئے تھے۔
رائٹرز کے مطابق دوحہ میں طے پانے والی جنگ بندی اب تک بڑی حد تک قائم ہے، لیکن گزشتہ ماہ استنبول میں ہونے والے فالو اپ مذاکرات بھی کسی مستقل معاہدے کے بغیر ختم ہوگئے تھے۔
ذرائع کے مطابق حالیہ مذاکرات سعودی عرب کی پیشکش پر ہوئے۔ پاکستان کا مطالبہ ہے کہ افغان طالبان تحریری یقین دہانی دیں کہ وہ پاکستان مخالف گروہوں کے خلاف کارروائی کریں گے، تاہم طالبان حکام اس پر آمادہ نہیں۔
