پنجاب اور سندھ اسمبلیوں میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کی قراردادیں منظور

بے بنیاد تنقید دشمن کے بیانیے کو تقویت دینے کے مترادف
پنجاب اسمبلی میں منظور شدہ قرارداد میں فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کو چیف آف ڈیفنس فورسز کا منصب سنبھالنے پر شاندار خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ قرارداد میں ڈی جی آئی ایس پی آر کی حالیہ پریس کانفرنس کی بھرپور حمایت کی گئی اور کہا گیا کہ پاکستان نے حالیہ معرکۂ حق میں تاریخ ساز کامیابی حاصل کی، جس نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
قرارداد میں واضح کیا گیا کہ بھارتی جارحیت کو منہ توڑ جواب دیا گیا اور عالمی برادری نے پاکستان کے ذمہ دار اور اصولی مؤقف کی تائید کی۔
ارکان اسمبلی نے کہا کہ فوج اور سپہ سالار کے خلاف بے بنیاد تنقید دشمن کے بیانیے کو تقویت دینے کے مترادف ہے۔ پاک فوج نے سرحدوں کے تحفظ، دہشت گردی کے خلاف جدوجہد اور قدرتی آفات میں عوام کی مدد کے لیے مثالی کردار ادا کیا ہے۔
دوسری جانب، سندھ اسمبلی نے بھی پاک فوج کی حمایت اور ان پر تنقید کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔
وزیر داخلہ ضیاء لنجار نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوان ملکی سلامتی کے خلاف بیانات کی مذمت کرتا ہے اور افواجِ پاکستان کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کرتا ہے۔
صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے سب سے زیادہ ظلم سہا، مگر کبھی اداروں کے خلاف نہیں گئی۔ انہوں نے عمران خان کے خاندان کے بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویوز پر بھی تنقید کی۔
ایم کیو ایم کے اپوزیشن لیڈر علی خورشید نے کہا کہ ریاستی معاملات پر سیاست سے بالا تر ہوکر بات ہونی چاہیے، کیونکہ پاک فوج کے خلاف بیانات دشمن ملک کو فائدہ پہنچاتے ہیں۔
ارکان اسمبلی نے متفقہ طور پر کہا کہ سیاست اپنی جگہ، مگر پاکستان اور اس کی افواج پر کوئی بات برداشت نہیں کی جائے گی۔ سندھ اسمبلی سے یہ پیغام جانا چاہیے کہ قوم اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔
