بنگلا دیش نے بھارت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ نہ کھیلنے کے حتمی فیصلے کا اعلان کردیا

آئی سی سی کے خط کا جواب آج رات یا کل تک دیا جائے گا
اسپورٹس ایڈوائزر ڈاکٹر آصف نذرل اور بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام نے یہ اعلان ایک مشترکا پریس کانفرنس میں کیا۔ کہا،، آئی سی سی کے خط کا جواب آج رات یا کل تک دیا جائے گا ۔ آئی سی سی کو بتایا جائے گا کہ کھلاڑیوں کی سیکیورٹی اور ملکی وقار پر سمجھوتا نہیں کرسکتے ۔ اس سے پہلے کرکٹ ویب سائٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ آئی سی سی نے بنگلا دیش کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اس کے میچز سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست مسترد کردی ہے ۔ ویب سائٹ نے مبینہ طور پر کہا تھا کہ بنگلا دیش کے میچز بھارت ہی میں ہوں گے اگر بنگلہ دیش میچز کھیلنے بھارت نہ آیا تو اسے اپنے پوائنٹس سے محروم ہونا پڑے گا ۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے اسپورٹس ایڈوائزر ڈاکٹر آصف نذرل نے اس کے جواب میں کہا ہے کہ آئی سی سی نے بنگلا دیشی کھلاڑیوں کو بھارت میں درپیش سیکیورٹی خطرات پر توجہ نہیں دی ۔ حالاں کہ یہ سیکیورٹی کا بہت بڑا ایشو ہے ۔ خود بھارتی کرکٹ بورڈ نے کولکتا نائٹ رائیڈرز سے کہا تھا کہ وہ مستفیض الرحمان کو سیکیورٹی نہیں دے سکتے ۔ یہ واضح ثبوت ہے کہ بھارت بنگلا دیشی کھلاڑیوں کے لیے محفوظ نہیں ۔ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام نے کہا کسی بھی غیر ملکی دورے کے لیے حکومتی اجازت درکار ہوتی ہے ، کرکٹ بورڈ حکومتی فیصلے پر عمل کرے گا ۔ چیمپینز ٹرافی میں بھی یہی حالات تھے ، جب بھارت نے پاکستان اور پاکستان نے بھارت جانے سے انکار کیا تھا ۔ اسی لیے بنگلا دیش کو موجودہ صورتِ حال میں ایک مناسب حل کی امید ہے ۔
