پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے حکومت سے مذاکرات یا کسی تحریک چلانے کے تمام اختیارات محمود خان اچکزئی اور سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس کو دے دیے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے جمرود کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آئندہ سیاسی لائحہ عمل انہی قائدین کی مشاورت سے طے کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی دوسری اہم ہدایت اسٹریٹ موومنٹ کے حوالے سے ہے اور اس سلسلے میں عملی تیاری بھی شروع کر دی گئی ہے۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ اسٹریٹ موومنٹ کو کامیاب بنا کر دم لیں گے اور کارکنان متحرک ہیں۔
وادی تیراہ کی موجودہ صورت حال پر بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہیں وہاں کسی قسم کی نقل مکانی کا علم نہیں، تاہم اطلاعات ہیں کہ مقامی شہریوں سے زبردستی معاہدے کروائے جا رہے ہیں، جو تشویشناک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر اس حوالے سے کوئی معاملہ ان کے پاس آیا تو وہ عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے کارروائی کریں گے، لیکن اب تک وادی تیراہ میں کسی ممکنہ آپریشن کے حوالے سے سرکاری رابطہ نہیں ہوا۔
سہیل آفریدی نے ضم اضلاع کی ترقی پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی ایک ہزار ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ حکومت ضم شدہ اضلاع کو قومی دھارے میں لانے اور بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور سیاسی استحکام کے لیے تمام فیصلے مشاورت اور آئینی دائرے میں رہ کر کیے جائیں گے اور صوبے کے عوام کے مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔