ایسا نہ ہو ایک دن تمہاری تقدیر کا فیصلہ مجھے کرنا پٖڑے: زرداری نے فیض حمید کو کب اور کیوں خبردار کیا تھا؟

حامد میر کا ہوشربا انکشاف
جب فیض حمید آئی ایس آئی کے سربراہ تھے۔ وہ چاہتے تھے کہ آصف علی زرداری پاکستان سے چلے جائیں لیکن زرداری پاکستان سے باہر جانے کی بجائے جیل چلے گئے۔ اُن پر دباؤ ڈالنے کیلئے اُنکی بہن فریال تالپور کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
یہ دعوے سینئر صحافی و تجزیہ نگار حامد میر نے اپنے تازہ کالم میں کیے ہیں، انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ جنرل فیض نے بلاول سے کہا کہ اپنے باپ کوسمجھاؤ ہم اُسے علاج کیلئے باہر جانے کی اجازت دیدیں گے لیکن بلاول نے بھی انکار کردیا۔
حامد میر نے اپنے کالم میں یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان کو دیا گیا آصف زرداری کا انٹرویو بھی فیض حمید نے رکوایا تھا۔
حامد میر کے بقول کچھ عرصے کے بعد آصف علی زرداری رہا ہو گئے۔ فیض حمید ایک طرف تو جنرل قمر جاوید باجوہ کو ایکسٹینشن دلوانے کیلئے اُنکی منتیں کرتا تھا دوسری طرف اُنکے کاروباری دوستوں کو تنگ بھی کرتا تھا ۔
سینئر صحافی حامد میر نے کالم میں دعویٰ کیا کہ ایک دن زرداری صاحب نے فیض حمید سے دو افراد کی موجودگی میں کہا کہ اللّٰہ سے ڈرو کہیں ایسا نہ ہو کہ ایک دن تمہاری فائل میرے پاس آجائے اور تمہاری تقدیر کا فیصلہ میرے دستخط سے منسلک ہو جائے۔ فیض حمید نے بڑی رعونت کیساتھ قہقہہ لگایا اور کہا ایسا کبھی نہیں ہو گا۔ آج آصف علی زرداری صدر پاکستان ہیں اور فیض حمید ایک سزا یافتہ مجرم ہے۔
