آپ کون ہو بھائی؟ الیکشن کمیشن کا بیرسٹر گوہر کو پارٹی چیئرمین ماننے سے انکار

بیرسٹر گوہر کا عدالت سے رجوع کرنیکا اعلان
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے بیرسٹر گوہر کو پاکستان تحریک انصاف کا چیئرمین تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔
الیکشن کمیشن نے بیرسٹر گوہر پر قانونی پوزیشن واضح کرتے ہوئے ان کی آزاد سینیٹرز کی پی ٹی آئی میں شمولیت کی درخواست مسترد کردی، الیکشن کمیشن نے جوابی خط میں بیرسٹر گوہر سے کہا کہ آپ کو آزاد سینیٹرز کو پارٹی میں شامل کرانے کا کوئی قانونی حق حاصل نہیں۔
اسلام آباد میں سینئر صحافی قربان بلوچ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ میں نے بطور پارٹی چیئرمین الیکشن کمیشن کو ایک خط بھیجا تھا جس میں میں نے ان کو کہا تھا کہ آزاد حیثیت میں سینیٹر منتخب ہونے والے اِن ارکان نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی ہے، اس لیے ان سینیٹرز کو آفیشلی پی ٹی آئی کا حصہ بنائیں۔
انہوں نے بتایا کہ میرے اس خط کے جواب میں الیکشن کمیشن نے مجھے ایک لیٹر لکھا جس میں ادارے کا کہنا ہے کہ ہم آپ کو بطور پی ٹی آئی چیئرمین تسلیم ہی نہیں کرتے۔
جوابی خط میں الیکشن کمیشن نے مزید کہنا تھا لکھا کہ بیرسٹرگوہر نےآزاد سینیٹرز کی پی ٹی آئی میں شمولیت کی درخواست تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا، حالانکہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیس زیر التوا ہے اور تحریک انصاف نے خود ہی لاہورہائیکورٹ سے اسٹے آرڈر لے رکھا ہے، بیرسٹرگوہر کو اس وقت چیئرمین پی ٹی آئی تسلیم کیا جا سکتا ہے نہ انہیں آزاد سینیٹرز کو پارٹی میں شامل کرانے کا قانونی حق حاصل ہے۔
بیرسٹر گوہر نے الیکشن کمیشن کا جوابی خط موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے معاملہ عدالت لے جانے کا اعلان کردیا۔
