یورپ کو 2027 تک نیٹو دفاع کی ذمہ داریاں سنبھالنے کی ڈیڈ لائن

ڈیڈلائین دینے کی وجوہات؟
واشنگٹن: امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے یورپی نیٹو ممالک کو ہدایت دی ہے کہ وہ 2027 تک اتحاد کی زیادہ تر روایتی دفاعی ذمہ داریاں خود سنبھالیں۔ اس میں انٹیلی جنس، میزائل دفاع اور روزمرہ آپریشنز شامل ہیں۔
پینٹاگون کے اہلکاروں نے یورپی سفارت کاروں کو بتایا کہ یوکرین پر روس کے حملے کے بعد دفاعی صلاحیتیں مضبوط کرنے میں ابھی تک مطلوبہ پیش رفت نہیں ہوئی۔ اگر یورپی ممالک 2027 تک یہ اہداف پورے نہ کر پائے تو امریکہ نیٹو کی بعض دفاعی رابطہ کاری اور منصوبہ بندی سے دستبردار ہو سکتا ہے۔
یورپی ممالک نے اس ڈیڈ لائن کو بہت سخت اور مشکل قرار دیا ہے کیونکہ دفاعی نظام، ہتھیار اور نگرانی کے نظام تیار کرنے میں وقت اور وسائل درکار ہیں۔ بعض عہدیداروں کا کہنا ہے کہ 2027 تک خودمختار دفاعی صلاحیت حاصل کرنا عملی اعتبار سے مشکل ہوگا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یورپ 2027 تک کامیاب ہو گیا تو یہ نیٹو میں امریکی کردار کم اور یورپی ممالک کا دفاعی کردار بڑھنے کا باعث بنے گا۔ تاہم اگر ڈیڈ لائن پوری نہ ہوئی تو نیٹو کے دفاعی نظام میں خلا پیدا ہو سکتا ہے اور یورپ کو خود اپنی سکیورٹی سنبھالنی پڑے گی۔
