بلوچستان میں غیرقانونی سرحد پار کرنے والے 179افغانی گرفتار

خواتین اور بچے بھی شامل
بلوچستان کے ضلع چاغی میں سکیورٹی فورسز نے غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے والے 179 افغان شہریوں کو حراست میں لے لیا ہے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ حکام کے مطابق یہ کارروائیاں ضلع کے مختلف علاقوں میں کی گئیں۔
چاغی کی ضلعی انتظامیہ کے ایک سینئر اہلکار کے مطابق گرفتار ہونے والے افغان شہریوں کا تعلق بغلان، ہرات اور افغانستان کے دیگر علاقوں سے ہے،ان کے مطابق یہ افراد کسی بھی قسم کی قانونی دستاویزات کے بغیر پاکستان میں داخل ہوئے تھے اور ان کا مقصد ایران جانا تھا۔
واضح رہے کہ ضلع چاغی بلوچستان کا واحد ضلع ہے جو ایک جانب افغانستان جبکہ دوسری جانب ایران کی سرحد سے متصل ہے، جس کے باعث یہاں غیر قانونی آمد و رفت کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔
حکام نے مزید بتایا کہ گزشتہ اتوار کو چاغی کے علاقے نوکنڈی میں غیر قانونی افغان تارکینِ وطن کو لے جانے والی ایک گاڑی کو حادثہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں 9 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 11 زخمی ہوئے تھے۔
