پاکستان اسپورٹس بورڈ کی ہاکی فیڈریشن کو انتخابات روکنے کی ہدایت

تحریری وضاحت پیش کریں
پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے انتخابی عمل کو فوری طور پر روکنے کا حکم دے دیا ہے اور فیڈریشن کو سات روز کے اندر تحریری وضاحت پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ایس بی کی جانب سے جاری خط میں کہا گیا ہے کہ ہاکی فیڈریشن کو انتخابات کرانے کا کوئی اختیار حاصل نہیں، کلبز کی رجسٹریشن اور اسکروٹنی کا عمل غیر قانونی ہے جبکہ فیڈریشن کے دو رکنی الیکشن کمیشن کی بھی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ایس بی نے 26 نومبر کو اپنے خط میں قانونی پوزیشن واضح کر دی تھی، لہٰذا فیڈریشن کا از خود انتخابات کرانا آرٹیکل 17 کی خلاف ورزی ہے۔ پی ایس بی کے مطابق انتخابات، کلبز کی رجسٹریشن اور اسکروٹنی کا اختیار صرف اسپورٹس بورڈ کو حاصل ہے۔
رپورٹس کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے از خود اپنا الیکشن شیڈول جاری کیا تھا اور دو رکنی الیکشن کمیشن بنانے کا اعلان بھی کیا تھا۔ اس پر پی ایس بی نے واضح کیا ہے کہ حکومتی اداروں سے اجازت لیے بغیر فیڈریشن کے انتخابات نہیں ہوسکتے۔
