سعودی عرب میں دہائیوں بعد برفباری، پہاڑی علاقے سفید چادر کی لپیٹ میں۔

اسکیئنگ جیسی سرگرمیاں بھی کی گئیں۔
سعودی عرب میں دہائیوں بعد غیر معمولی برفباری نے سب کو حیران کر دیا۔ ملک کے شمالی حصوں میں واقع پہاڑی علاقے شدید سردی کے باعث برف سے ڈھک گئے، جس کے مناظر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تبوک، حائل اور گرد و نواح کے پہاڑی علاقوں میں حالیہ موسمی نظام کے تحت برفباری ریکارڈ کی گئی، جہاں بلند پہاڑوں پر سفید برف کی تہہ جم گئی۔ خاص طور پر جبل اللوز کے علاقے میں برفباری کے بعد مناظر کسی یورپی خطے کا منظر پیش کرنے لگے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہری برفباری سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، برف پر چہل قدمی، تصاویر اور حتیٰ کہ اسکیئنگ جیسی سرگرمیاں بھی کی گئیں۔ مقامی افراد نے اس غیر معمولی موسم کو یادگار قرار دیا۔
ماہرین موسمیات کے مطابق سرد ہواؤں اور کم دباؤ کے نظام کے باعث درجہ حرارت میں غیر معمولی کمی واقع ہوئی، جس کے نتیجے میں برفباری ممکن ہوئی۔ ان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب جیسے صحرائی ملک میں برفباری ایک نایاب مگر موسمیاتی تبدیلیوں کا واضح اشارہ بھی ہو سکتی ہے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ پہاڑی علاقوں کا رخ کرتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں، جب کہ امدادی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
سعودی عرب میں ہونے والی اس نایاب برفباری نے نہ صرف مقامی شہریوں بلکہ دنیا بھر کے صارفین کی توجہ بھی حاصل کر لی ہے۔
