انڈیا–بنگلہ دیش کشیدگی کی وجہ "سیون سسٹرز" ریاستیں،اصل ماجرہ ہے کیا؟

بھارت کے لیے کونسے حساس علاقے ؟؟
انڈیا–بنگلہ دیش کشیدگی کی وجہ "سیون سسٹرز" ریاستیں،اصل ماجرہ ہے کیا؟
ڈھاکہ / دہلی: انڈیا اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات حالیہ دنوں میں ایک بار پھر کشیدہ ہو گئے ہیں،جس کی بنیادی وجہ بنگلہ دیش کی نئی سیاسی جماعت نیشنل سیٹیزن پارٹی کے رہنما حسنات عبداللہ کے حالیہ بیانات ہیں، جن میں انہوں نے انڈیا کے شمال مشرقی خطے ’سیون سسٹرز‘ کو الگ کرنے کی دھمکی دی تھی۔
مذکورہ بیانات کے بعد انڈین وزارت خارجہ نے دہلی میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر کو طلب کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا،جس پر حسنات عبداللہ نے رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انڈین ہائی کمشنر کو ملک بدر کر دینا چاہیے کیونکہ انڈیا نے سابقہ وزیراعظم شیخ حسینہ کو پناہ دی ہوئی ہے۔
ماہرین کے مطابق ‘سیون سسٹرز’ یعنی اروناچل پردیش، آسام، منی پور، میگھالیہ، میزورم، ناگالینڈ اور تریپورہ بھارت کے لیے حساس خطہ ہیں کیونکہ یہ ریاستیں بنگلہ دیش کے ساتھ زمینی سرحد شیئر کرتی ہیں،اسی وجہ سے انڈیا نے اس معاملے پر سخت ردعمل دیا۔
واضح رہے کہ 16 دسمبر کو بنگلہ دیش میں ‘وکٹری ڈے’ کے موقع پر دونوں ممالک کے سفارت کار، فوجی افسران اور تھنک ٹینک کے ممبران نے تاریخی تعلقات کا جشن منایا، لیکن اگلے روز انڈین وزارت خارجہ نے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر کو طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کروایا، جس سے تعلقات میں نئی کشیدگی پیدا ہو گئی۔
بنگلہ دیش کی حکومت نے واضح کیا ہے کہ حسنات عبداللہ کے بیانات سرکاری پالیسی کی عکاسی نہیں کرتے اور وہ ذاتی یا سیاسی نوعیت کے ہیں۔ تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی کمی اور سیاسی بیان بازی تعلقات میں تلخی کا باعث بن رہی ہے۔
