ایلون مسک منشیات استعمال کرتے ہیں: وائٹ ہاؤس چیف کے بیان نے تہلکہ مچادیا

ایسا بیان اس وقت کیوں آیا ؟؟
واشنگٹن:وائٹ ہاؤس کی چیف آف اسٹاف سوزی وائلز کے حالیہ بیانات نے امریکی سیاسی حلقوں میں شدید ہلچل مچا دی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق سوزی وائلز نے معروف امریکی جریدے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ٹیسلا اور ایکس (سابق ٹوئٹر) کے مالک ایلون مسک پر کیٹامین منشیات کے استعمال کا الزام عائد کیا ہے۔
انٹرویو میں سوزی وائلز کا کہنا تھا کہ ایلون مسک کے ساتھ کام کرنا مشکل ہے اور وہ ایک ایسے شخص ہیں جن کے طرزِ عمل پر اکثر سوالات اٹھتے رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسک ایک غیر معمولی شخصیت کے حامل ہیں اور ان کے رویے انتظامی معاملات میں پیچیدگیاں پیدا کرتے ہیں۔
چیف اسٹاف کے بیان سامنے آنے کے بعد امریکی سیاست اور ٹیکنالوجی کے حلقوں میں شدید ردعمل دیکھنے میں آیا،بعد ازاں سوزی وائلز نے ایک اور بیان میں کہا کہ ان کے الفاظ کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، تاہم جریدے کی انتظامیہ نے مؤقف اختیار کیا کہ انٹرویو ریکارڈ پر موجود ہے اور رپورٹ درست بنیادوں پر شائع کی گئی۔
واضح رہے کہ ایلون مسک ماضی میں تسلیم کر چکے ہیں کہ انہوں نے ڈاکٹری نسخے کے تحت محدود مدت کے لیے کیٹامین استعمال کیا تھا، تاہم انہوں نے کسی بھی قسم کے غیر قانونی یا مسلسل منشیات کے استعمال کی تردید کی ہے۔
ماہرین کے مطابق وائٹ ہاؤس کی ایک اعلیٰ عہدیدار کی جانب سے اس نوعیت کے بیانات نہ صرف سیاسی تنازع کو جنم دیتے ہیں بلکہ انتظامیہ اور بااثر کاروباری شخصیات کے درمیان تعلقات پر بھی اثر ڈال سکتے ہیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی سیاست پہلے ہی اندرونی اختلافات اور شدید سیاسی کشیدگی کا شکار ہے، اور وائلز کے بیانات کو آئندہ دنوں میں مزید سیاسی بحث کا موضوع قرار دیا جا رہا ہے۔
