اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا: عمران خان کی بہنوں اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج

انسداد دہشتگردی کی دفعات شامل
راولپنڈی: اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج اور دھرنے کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی بہنوں اور متعدد پارٹی رہنماؤں کے خلاف دہشت گردی سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ مقدمہ راولپنڈی کے تھانہ صدر بیرونی میں درج کیا گیا ہے، جس میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر میں عمران خان کے ساتھ علیمہ خان، ڈاکٹر عظمیٰ خان، نورین نیازی، قاسم خان، سلمان اکرم راجا اور عالیہ حمزہ کو نامزد ملزمان قرار دیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق مقدمہ مجموعی طور پر 35 نامزد اور 400 نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے، جن میں نعیم پنجوتھا، تابش فاروق، طیبہ راجا، نادیہ خٹک، ہارون، راجا اسد عباس، ظفر گوندل اور شفقت عباس بھی شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھرنے کے دوران پولیس پر پٹرول بموں سے حملے کیے گئے، تشدد ہوا اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی گئی،اسی سلسلے میں 14 ملزمان کو موقع سے گرفتار کر کے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور دیگر ملوث افراد کی شناخت کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
