مسلمان خاتون کا نقاب کھینچنا ’جاہلانہ حرکت‘ ہے: اظہر الدین بہار کے وزیراعلیٰ پر برس پڑے

سخت کارروائی کا مطالبہ
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کانگریس رہنما محمد اظہر الدین نے بہار کے وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار کے حالیہ اقدام پر شدید تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مسلمان خاتون ڈاکٹر کا نقاب کھینچنا نہایت بری اور جاہلانہ حرکت ہے اور اس پر سخت کارروائی ہونی چاہیے۔
ریاست تلنگانہ کے وزیر برائے اقلیتی بہبود اظہر الدین نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ حرکت اتنی بری ہے کہ میرے پاس اس کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔
اظہر الدین نے مزید کہا کہ ایک وزیرِ اعلیٰ ہونے کے ناطے نتیش کمار کو سوچ سمجھ کر قدم اٹھانا چاہیے تھا، مگر انہوں نے ایسا عمل کیا جو کسی طور درست نہیں۔
سابق بھارتی کرکٹر نے مطالبہ کیا کہ اس واقعے پر ان کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل بھارتی ریاست بہار کے شہر پٹنہ میں وزارتِ آیوش کی ایک تقریب کے دوران نتیش کمار نے ایک مسلمان خاتون ڈاکٹر نصرت پروین کا نقاب کھینچ دیا تھا۔ یہ واقعہ بی جے پی کے اتحادی وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں پیش آیا، جس پر ملک بھر میں شدید ردِعمل سامنے آیا۔
بھارتی سیاسی رہنماؤں، صحافیوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس واقعے کو شرمناک اور ناقابلِ قبول قرار دیا۔ سوشل میڈیا پر بھی نتیش کمار کے خلاف سخت تنقید کی جا رہی ہے اور مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ انہیں اس عمل پر جواب دہ بنایا جائے۔
