پنجاب میں ون ڈش اور لاؤڈ اسپیکر کا غیر قانونی استعمال،سخت ہدایات آگئیں

9 افراد گرفتار، 14 شادی ہالز اور فارم ہاؤسز سیل
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں شادیوں اور تقریبات میں ون ڈش کی پابندی اور لاؤڈ اسپیکر کے غیر ضروری استعمال کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کرنے کا حکم دیا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فارم ہاؤسز اور گراؤنڈز میں بھی لاؤڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال پر کارروائی کی جائے گی اور ون ڈش پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ شادی ہالز کے لیے مقررہ اوقات کار کی سختی سے مانیٹرنگ کی جائے اور خلاف ورزی کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ضلعی انتظامیہ کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ ون ڈش پالیسی اور اوقات کار کی خلاف ورزی کرنے والے شادی ہالز اور فارم ہاؤسز کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں۔
انتظامیہ کی جانب سے کارروائی کے دوران 9 افراد کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ 14 شادی ہالز اور فارم ہاؤسز سیل کر دیے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات عوامی شکایات اور حکومتی پالیسی پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ حکومت صوبے میں سرحدی نظم و ضبط، امن و سکون اور عوامی سہولت کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو غیر ضروری شور اور فضول خرچی سے بچانے کے لیے ون ڈش پالیسی اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔
