پاکستان میں ہر 10 ہزار افراد کے علاج کے لیے صرف 19 افراد کا طبی عملہ موجود

صحت کا معیار بھی کم
اسلام آباد: پاکستان میں ہیلتھ پروفیشنلز کی تعداد عالمی ادارہ برائے صحت کے کم ترین معیارات سے بھی کم ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
وفاقی وزیر صحت نے قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران تحریری جواب جمع کراتے ہوئے اعداد و شمار پیش کردے۔
وفاقی وزارت صحت کے مطابق پاکستان میں دس ہزار شہریوں کے لیے محض 19.4 ہیلتھ پروفیشنلز کام کر رہے ہیں، یہ تعداد عالمی ادارہ برائے صحت کے کم ترین معیارات سے بھی کم ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ عالمی ادارہ برائے صحت کے معیار کے مطابق ہر 10000 شہریوں کے لیے کم از کم 25 پروفیشنلز لازمی ہیں۔ علاوہ ازیں پاکستان میں فزیشنز کی کل تعداد 317449 اور ڈینٹسٹس کی کل تعداد 40369 ہے۔
وفاقی صحت وزارت کے مطابق نرسز کی کل تعداد 113329، جبکہ مڈوائوز کی کل تعداد 18119 ہے۔ اس وقت ملک میں رجسٹرڈ لیڈی ہیلتھ ورکرز کی تعداد 24561 ہے۔
