دلی سے ممبئی اور بنگال سے گجرات تک بھارت یہ شکست کبھی نہیں بھول سکے گا،شہباز شریف

اللہ نے پاک بھارت جنگ میں فتح دلائی
ہری پور میں وزیراعظم شہباز شریف نے طالب علموں میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی دعاؤں سے اللہ نے پاک بھارت جنگ میں فتح دلائی، جس نے مودی سرکار کو ایسا سبق سکھایا کہ وہ ہمیشہ یاد رکھے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دلی سے ممبئی اور بنگال سے گجرات تک بھارت یہ شکست کبھی نہیں بھول سکے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک دیوالیہ ہونے سے بچ گیا ہے، معیشت منجدھار سے نکل کر اب مستحکم ہو رہی ہے اور اسے مزید آگے لے کر جانا ہے۔ شہباز شریف نے واضح کیا کہ ترقی جادو ٹونے سے نہیں بلکہ محنت سے ہوگی۔
وزیراعظم نے خیبر پختونخوا کے عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ کئی دہائیوں سے دہشت گردوں کے خلاف لڑ رہے ہیں اور انہی کی قربانیوں سے ملک میں امن قائم ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اتحاد سے ممکن ہے، اور جب چاروں صوبے ترقی کریں گے تو ملک ترقی کرے گا۔
