امریکا یورپ میں انتہا پسندی اور قوم پرست جماعتوں کا حامی نکلا

دستاویز میں انکشاف
واشنگٹن / یورپ: ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کی نئی قومی سلامتی کی پالیسی دستاویز سے انکشاف ہوا ہے کہ امریکہ یورپ میں دائیں بازو کی انتہا پسندی اور قوم پرست جماعتوں کی حمایت کر رہا ہے۔ اس دستاویز میں یورپی ملکوں کو اپنی موجودہ سمت بدلنے سے روکنے اور "مزاحمت پیدا کرنے" (Cultivate resistance) کی تجاویز دینے کی سفارش کی گئی ہے۔
دستاویز کے مطابق یورپ یورپی یونین کی پالیسیوں اور بڑھتی ہوئی ہجرت کی وجہ سے آئندہ دو دہائیوں میں "ثقافتی اور تہذیبی مٹاؤ" (civilisational erasure) کے خطرے سے دوچار ہو سکتا ہے۔ اسی تناظر میں ٹرمپ انتظامیہ نے یورپی رائے عامہ اور سیاسی جماعتوں میں قوم پرست اور دائیں بازو کے عناصر کو مضبوط کرنے کی حمایت کی ہے۔
پالیسی پیپر میں یورپی یونین کی حکومتی پالیسیاں، انسانی حقوق کی تنظیمات اور سیاسی اپوزیشن کی کارروائیوں پر تنقید کی گئی ہے اور زور دیا گیا ہے کہ یورپی حکومتیں اپنی دفاعی ذمہ داریاں خود اٹھائیں اور امریکی مارکیٹ کے لیے زیادہ کھلیں۔
یہ نئی حکمت عملی یورپ میں تشویش کا باعث بنی ہے اور متعدد ممالک نے اسے اپنے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیا ہے۔ یورپی قیادت نے بھی اس پر سخت تنقید کی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ تجاویز عملی شکل اختیار کر لیں تو یورپی جمہوریت، معاشرتی ہم آہنگی اور مہاجرین کے حقوق پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، اور دائیں بازو کی انتہا پسند تحریکوں کو غیر معمولی تقویت مل سکتی ہے۔
