سرگودھا میں دلہن عروسی لباس میں شادی کے روز فرار،5 لاکھ کا فراڈ بے نقاب

مقدمہ درج، ملزمان کی تلاش
سرگودھا میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں شادی کے روز دلہن عروسی لباس میں ملبوس ہو کر فرار ہوگئی۔ پولیس کے مطابق چنیوٹ کی رہائشی ایک خاتون نے نصیرپور کے خاندان کو پانچ لاکھ روپے کے عوض طلاق یافتہ لڑکی کا رشتہ دکھایا۔
محنت کش والد نے اپنے بیٹے ارسلان کے لیے پانچ لاکھ روپے ادا کر کے رشتہ طے کیا۔ شادی کی تقریب 12 دسمبر 2025 کو منعقد ہوئی، مگر منصوبہ بندی کے تحت ایک شخص تقریب میں پہنچا اور ہنگامہ کھڑا کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ دلہن اس کی بیوی ہے اور اس نے اسے طلاق نہیں دی۔ اسی دوران وہ دلہن کو ساتھ لے کر فرار ہوگیا۔
لکسیاں پولیس نے شادی کا جھانسہ دے کر پانچ لاکھ روپے ہتھیانے والی دونوں خواتین کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ شادی کے نام پر منصوبہ بندی کے تحت دھوکہ اور فراڈ کیا گیا اور پانچ لاکھ روپے بھی ہتھیا لیے گئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
