یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بڑھتے ہوئے دباؤ کے بعد بالآخر ملک میں انتخابات کرانے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ تاہم زیلنسکی نے واضح کیا ہے کہ وہ یہ قدم صرف اسی صورت میں اٹھائیں گے جب امریکا اور اس کے اتحادی یوکرین کو ٹھوس سکیورٹی ضمانتیں فراہم کریں۔
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے مطابق اگر ضروری سکیورٹی انتظامات یقینی بنا دیے گئے تو انتخابات آئندہ 60 سے 90 دن کے اندر منعقد ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ یوکرین اور یورپی اتحادی ملکوں نے امن منصوبے پر نظرثانی مکمل کر لی ہے اور اس سے متعلق نئی دستاویز جلد امریکا کے حوالے کر دی جائے گی۔ زیلنسکی کا کہنا ہے کہ امن معاہدے سے متعلق اہم امور لندن میں برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے ساتھ طے پا چکے ہیں، جب کہ امریکا یوکرین کے لیے ٹھوس اور قابلِ اعتبار سکیورٹی گارنٹیز چاہتا ہے۔