کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کے لیے سیاسی جماعتوں نے عدالت سے رجوع کرلیا

بلدیاتی انتخابات حالات بہتر ہونے تک ملتوی کیے جائیں
کوئٹہ: پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نواز سمیت بلوچستان کی سیاسی جماعتوں نے کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔
بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کی جانب سے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے لیے بلوچستان ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کی گئی ہے۔ جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ صوبے میں موسمی صورتحال اور ووٹر لسٹوں کے مسائل کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں۔ بلدیاتی الیکشن سے امن و امان کا مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے۔
پٹیشن بلوچستان عوامی پارٹی، پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے دائر کی گئی ہے جبکہ عوامی نیشنل پارٹی اور پشتونخوا نیشنل پارٹی نے بھی عدالت سے رجوع کیا ہے۔
درخواست گزاروں نے عدالتِ عالیہ سے استدعا کی ہے کہ بلدیاتی انتخابات حالات بہتر ہونے تک ملتوی کیئ جائیں شفاف، منصفانہ اور پُرامن انتخابی عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔
خیال رہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے لیے الیکشن کمیشن میں پٹیشن دائر کی تھی، تاہم الیکشن کمیشن نے 10 دسمبر 2026ع کو پٹیشن مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ کوئٹہ میں شیڈول کے مطابق 28 دسمبر کو ہی بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔
